جے پور،5؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے مرکزی حکومت سے آج پھر ریاست کو مناسب مقدار میں ویکسین فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اشوک گہلوت نے سوشل میڈیا کے ذریعہ مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ویکسین کی تقریباً 70 ہزارخوراکیں بچی ہیں، جو آج لگائی جائیں گی۔ ویکسین کی قلت کی وجہ سے آج بھی بیشتر اضلاع میں ویکسینیشن کا کام بند ہے۔ راجستھان کو ضرورت کے مطابق مرکز کی جانب سے ویکسین نہیں مل پا رہی ہے، جس کی وجہ سے بار بار ویکسینیشن کا کام رک جاتا ہے۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ راجستھان میں ویکسین کا ضیاع بھی منفی ہے، لیکن ویکسین کی کمی کی وجہ سے عام لوگ پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں مرکزی حکومت سے ایک بار پھر درخواست کرتا ہوں کہ وہ راجستھان کو مناسب مقدار میں ویکسین فراہم کرے جس سے جلد از جلد ویکسینیشن کا کام مکمل ہو سکے اور تیسری لہر کا خطرہ ختم ہو سکے۔